
خلیج اردو
کراچی، 15 جون 2025
کراچی کے ساحلی علاقے ہاکس بے سینڈازپٹ کے قریب افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں سمندر میں نہاتے ہوئے بلند لہروں کے باعث تین نوجوان ڈوب گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق ایک نوجوان کی لاش نکال لی گئی جبکہ دوسرا نوجوان بے ہوشی کی حالت میں ملا، جسے فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
جاں بحق نوجوان کی شناخت 35 سالہ حسن علی کے نام سے ہوئی ہے، جب کہ بے ہوش نوجوان کی شناخت فرحان کے نام سے کی گئی ہے۔ تیسرا نوجوان جمیل نوید تاحال لاپتا ہے، جس کی تلاش ریسکیو ٹیموں کی جانب سے جاری ہے۔
ایس ایچ او ماڑی پور سردار عباس کے مطابق تینوں نوجوانوں کا تعلق نارتھ کراچی سے ہے اور وہ پکنک منانے کے لیے ہاکس بے کے مقام سینڈازپٹ آئے تھے۔ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ نہانے کے دوران بلند لہروں کی لپیٹ میں آ گئے۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے ساحلی علاقوں میں نہانے سے گریز کریں، خاص طور پر ایسے دنوں میں جب سمندر میں لہریں بلند ہوں۔





