
خلیج اردو
نگر، 15 جون 2025
گلگت بلتستان کے ضلع نگر کے علاقے بر ویلی میں ایک دلخراش حادثہ پیش آیا جہاں باراتیوں کو لے جانے والی بس بے قابو ہو کر 300 فٹ گہرائی میں دریائے گرمسائی میں جاگری۔ حادثے میں دلہا سمیت ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 11 سالہ بچے سمیت ایک شخص شدید زخمی ہوا جس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
جاں بحق افراد میں تین سگے بھائی بھی شامل ہیں، جن کا تعلق ایک ہی گھرانے سے بتایا جا رہا ہے۔ افسوسناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب خاندان نکاح کی تقریب کے بعد واپس جا رہا تھا۔ ریسکیو حکام کے مطابق اب تک 3 لاشیں برآمد کی جا چکی ہیں جبکہ باقی 3 لاشوں کی تلاش دریائے گرمسائی کے کنارے جاری ہے۔
حادثے کے بعد خوشیوں بھرا گھر ماتم کدہ بن گیا، علاقے کی فضا سوگوار ہے، متاثرہ خاندان کے رشتہ دار اور اہل علاقہ جائے حادثہ پر پہنچ چکے ہیں۔
انتظامیہ نے جائے حادثہ پر ریسکیو ٹیمیں تعینات کر دی ہیں اور لاشوں کی تلاش کے لیے غوطہ خوروں کی مدد لی جا رہی ہے۔






