
خلیج اردو
ابوظہبی:متحدہ عرب امارات کی حکومت نے سرکاری شعبے کے ملازمین کے لیے ہجری نئے سال کی مناسبت سے جمعہ، 27 جون 2025 کو عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اعلان کے تحت وفاقی سرکاری ملازمین کو تین دن طویل ویک اینڈ حاصل ہوگا، جس کے بعد معمول کے مطابق دفاتر پیر، 30 جون سے کھلیں گے۔
یہ اعلان فیڈرل اتھارٹی فار گورنمنٹ ہیومن ریسورسز کی جانب سے جاری کیا گیا، جو 1447 ہجری سال کے آغاز یعنی ماہِ محرم کی پہلی تاریخ کے موقع پر کیا گیا ہے۔
ہجری سال کا آغاز اسلامی قمری کلینڈر کے مطابق ہوتا ہے، جس میں مہینے چاند کی گردش پر مبنی ہوتے ہیں۔ یہ چھٹی متحدہ عرب امارات کی کابینہ کی جانب سے جاری کردہ 2025 کے سرکاری تعطیلات کے شیڈول کے مطابق دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ یہ تعطیل عید الاضحیٰ کی طویل چھٹیوں کے بعد متحدہ عرب امارات کے شہریوں اور مکینوں کے لیے ایک اور خوش آئند وقفہ ثابت ہوگی۔






