عالمی خبریں

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جی سیون اجلاس ادھورا چھوڑ کر وطن واپس روانہ، مشرقِ وسطیٰ کی کشیدگی پر اہم اجلاس طلب

خلیج اردو
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جی سیون اجلاس ادھورا چھوڑ کر فوری طور پر وطن واپس روانہ ہوگئے۔ صدر ٹرمپ نے روانگی سے قبل بیان میں کہا کہ کچھ خاص وجوہات کے باعث دورہ مختصر کرنا پڑا۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے بتایا کہ مشرقِ وسطیٰ میں بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر صدر ٹرمپ نے جی سیون اجلاس چھوڑ کر واشنگٹن واپس آنے کا فیصلہ کیا۔ خطے میں کشیدگی میں اضافے پر امریکی صدر نے سچوئیشن روم میں اہم مشاورت کا فیصلہ کرتے ہوئے نیشنل سیکیورٹی کونسل کو الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔

پینٹا گان چیف کے مطابق صدر ٹرمپ اب بھی ایران کے ساتھ نیوکلیئر ڈیل کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھنا چاہتے ہیں، تاہم ایران کو نیوکلیئر ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کا امریکی عزم واضح ہے۔

ادھر صدر ٹرمپ نے ایک چونکا دینے والا بیان جاری کرتے ہوئے امریکی شہریوں کو فوری طور پر تہران سے نکل جانے کی وارننگ دے دی ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ سب کو فوراً تہران سے انخلا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو پہلے ہی نیوکلیئر ڈیل پر دستخط کی پیشکش کی گئی تھی اور انہیں وہ موقع گنوانا نہیں چاہئے تھا۔

صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ ایران کسی بھی صورت میں نیوکلیئر ہتھیار حاصل نہیں کر سکتا۔ انہوں نے انسانی جانوں کے ضیاع کو "شرمناک” قرار دیتے ہوئے خطے میں امن کی بحالی پر زور دیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button