عالمی خبریں

ایران کا آبنائے ہرمز بند کرنے اور امریکی اثاثوں کو نشانہ بنانے کا اعلان، پاسداران انقلاب کا انتقامی کارروائی کا انتباہ

خلیج اردو
تہران، 23 جون 2025ء
امریکہ کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات پر کیے گئے حملوں کے بعد ایران نے سخت ردعمل دیتے ہوئے آبنائے ہرمز بند کرنے اور مشرق وسطیٰ میں تمام امریکی اثاثوں کو نشانہ بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔ پاسداران انقلاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ "امریکہ تھوڑا انتظار کرے، اسے اپنے حملوں کی سزا ضرور بھگتنا پڑے گی، جنگ کا آغاز امریکہ نے کیا ہے، لیکن اختتام ہم کریں گے۔”

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکہ اس جنگ میں اپنے ہی نقصان کے لیے داخل ہوا ہے، اور اس پر پڑنے والا اثر ایران سے کہیں زیادہ شدید ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حملے ایک سوچے سمجھے محرک کا نتیجہ تھے، لیکن ایران اپنے دفاع سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔

ایرانی حکام کے مطابق امریکی حملے سے پہلے ہی فردو، نطنز اور اصفہان کی جوہری تنصیبات کو احتیاطاً خالی کرا لیا گیا تھا، اور ان میں کوئی ایسا جوہری مواد موجود نہیں تھا جو کسی قسم کے اخراج یا تابکاری کا باعث بن سکتا۔ فردو جوہری سائٹ پر حملے میں صرف داخلی و خارجی سرنگوں کو نقصان پہنچا، جبکہ باقی تنصیبات محفوظ رہیں۔

ایرانی پارلیمنٹ میں قم سے تعلق رکھنے والے رکن منان رئیسی نے کہا ہے کہ فردو کی زیر زمین تنصیبات مکمل طور پر محفوظ ہیں اور کسی قسم کا بنیادی نقصان نہیں ہوا۔ ایرانی ایٹمی توانائی ادارے نے امریکی حملے کو عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے اور پرامن ایٹمی پروگرام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

ایرانی ردعمل سے واضح ہے کہ خطے میں کشیدگی خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے اور آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد عالمی توانائی رسد کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button