پاکستانی خبریں

لاہور ہائیکورٹ کا 9 مئی مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری

خلیج اردو
لاہور – 3 جولائی 2025ء
لاہور ہائیکورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف کی 9 مئی کے مقدمات میں دائر آٹھ مختلف ضمانت کی درخواستیں خارج کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ جسٹس سید شہباز علی رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سات صفحات پر مشتمل فیصلہ تحریر کیا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ 9 مئی کے مقدمات ممنوعہ جرائم کے زمرے میں آتے ہیں اور ان پر تعزیرات پاکستان کے تحت ضابطہ فوجداری کی دفعہ 497 لاگو ہوتی ہے، جس کے تحت ضمانت کا حصول محدود اور خاص نوعیت کے شواہد پر منحصر ہوتا ہے۔

فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کے پولی گراف، فوٹو گرامیٹک اور وائس میچنگ ٹیسٹ کی اجازت دی تھی، تاہم ملزم نے تفتیش کے عمل میں مناسب تعاون نہیں کیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ تمام مقدمات میں مزید تفتیش کی ضرورت باقی ہے، اور اس مرحلے پر ضمانت کی گنجائش نہیں بنتی۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی تمام درخواستیں مسترد کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ شواہد اور تفتیش کی نوعیت ضمانت کے حق میں نہیں جاتی، لہٰذا ان درخواستوں کو خارج کیا جاتا ہے۔

یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بانی پی ٹی آئی متعدد مقدمات میں قانونی ریلیف کے لیے عدالتوں سے رجوع کر رہے ہیں، اور یہ مقدمات 9 مئی کے پُرتشدد واقعات سے متعلق ہیں جن میں ریاستی و عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button