عالمی خبریں

ایران کا این پی ٹی معاہدے پر قائم رہنے کا اعلان، آئی اے ای اے سے تعاون محدود

خلیج اردو
تہران، 3 جولائی 2025
ایران نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ وہ جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی) پر قائم ہے، تاہم ایسے کسی بھی مذاکرات میں شامل نہیں ہوگا جو اس کے پرامن جوہری حق کو محدود کرنے کی کوشش کریں۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ ایران کا مؤقف واضح ہے کہ آئی اے ای اے کے ساتھ تعاون ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کی منظوری سے مشروط ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی پارلیمنٹ کی جانب سے آئی اے ای اے سے معاہدے کی معطلی کا بل پاس کیا گیا ہے اور شوریٰ نگہبان کی منظوری کے بعد اس پر عمل درآمد اب قانونی ذمہ داری بن چکی ہے۔ عباس عراقچی نے واضح کیا کہ ہم اس قانون کے پابند ہیں اور اس کے نفاذ میں کوئی ابہام یا شک باقی نہیں۔

دوسری جانب امریکہ نے ایران کے اس فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہا کہ ایران کا آئی اے ای اے سے تعاون روکنا ناقابل قبول ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کو فوری طور پر مکمل اور شفاف تعاون کرنا چاہیے تاکہ عالمی برادری کو اس کے جوہری عزائم پر اطمینان ہو سکے۔

ادھر امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ امریکی حملوں کے نتیجے میں ایران کا جوہری پروگرام ایک سے دو سال پیچھے چلا گیا ہے۔ پینٹاگون کے مطابق ان حملوں میں ایران کی تین ایٹمی تنصیبات مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں، جس سے ایران کی جوہری صلاحیت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور آئی اے ای اے کے ساتھ ایران کے تعاون کی معطلی نے خطے میں ایک بار پھر جوہری کشیدگی کو جنم دیا ہے، جس پر عالمی برادری بھی تشویش کا شکار ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button