
خلیج اردو
نئی دہلی: عارضی تکنیکی خرابی کے باعث بھارتی صارفین کو چند گھنٹوں کے لیے پاکستانی فنکاروں ماورا حسین، احد رضا میر اور صبا قمر کے انسٹاگرام اور ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹس تک رسائی حاصل ہوئی، تاہم اب یہ اکاؤنٹس دوبارہ بھارت میں بلاک کر دیے گئے ہیں۔
بھارتی حکام کے مطابق ان سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی بحالی دانستہ نہیں تھی بلکہ یہ ایک تکنیکی مسئلے کے باعث عارضی طور پر ہوئی۔ حکومتی ذرائع نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وضاحت کی کہ یہ سسٹم میں ایک وقتی خلل تھا جسے درست کر لیا گیا ہے، اور تمام متاثرہ اکاؤنٹس کو دوبارہ محدود کر دیا گیا ہے۔
بھارتی صارفین کو اب ان فنکاروں کے اکاؤنٹس کھولنے پر یہ پیغام موصول ہو رہا ہے کہ:
"یہ اکاؤنٹ بھارت میں دستیاب نہیں، یہ قانونی درخواست پر عمل درآمد کے نتیجے میں محدود کیا گیا ہے۔”
گزشتہ روز جب یہ اکاؤنٹس عارضی طور پر بحال ہوئے تو یہ تاثر ابھرا کہ بھارت نے پاکستانی فنکاروں اور تفریحی مواد پر عائد ڈیجیٹل پابندیوں میں ممکنہ طور پر نرمی کر دی ہے۔ اس دوران سوشل میڈیا پر پاکستانی فنکاروں کے ڈراموں اور پوسٹس کو دوبارہ مقبولیت حاصل ہونے لگی تھی اور ٹرینڈز میں بھی واپسی دیکھنے میں آئی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ تعلقات کے باعث بھارت میں پاکستانی فنکاروں، گلوکاروں اور ڈراموں پر کئی سالوں سے غیر اعلانیہ پابندیاں عائد ہیں۔






