پاکستانی خبریں

افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے، ٹی ٹی پی عالمی خطرہ بن چکی: اقوام متحدہ میں پاکستان کا انتباہ

خلیج اردو
نیویارک، 8 جولائی 2025 — اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے جنرل اسمبلی میں افغانستان کی صورتحال پر مباحثے کے دوران عالمی برادری کو خبردار کیا ہے کہ افغانستان سے سرگرم دہشت گرد تنظیمیں، بالخصوص کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)، نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کے لیے خطرہ بن چکی ہیں۔

عاصم افتخار نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کو مسلسل افغان سرزمین سے دہشت گردوں کی دراندازی کا سامنا ہے اور کالعدم ٹی ٹی پی ملک کی سلامتی کے لیے براہِ راست خطرہ بنی ہوئی ہے۔ ان کے مطابق افغانستان میں چھوڑے گئے جدید ہتھیار اب پاکستان پر حملوں میں استعمال ہو رہے ہیں، جس سے صورتِ حال مزید پیچیدہ ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف منظم انداز میں استعمال کیا جا رہا ہے، جو نہ صرف دو طرفہ تعلقات بلکہ علاقائی استحکام کے لیے بھی شدید خطرے کی علامت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ افغانستان میں موجود دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف مؤثر اور فوری اقدامات کرے۔

پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ اگر دہشت گرد تنظیموں کی سرگرمیوں کو نہ روکا گیا تو یہ عالمی امن کے لیے شدید خطرہ بن سکتی ہیں۔ انہوں نے عالمی فورمز پر پاکستان کے تحفظات اور مؤقف کو سنجیدگی سے لینے کی اپیل کی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button