
خلیج اردو
کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ایک اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں گڈ گورننس اور مؤثر سروس ڈلیوری کو یقینی بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر اصلاحات ناگزیر ہو چکی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اصلاحاتی ایجنڈے کو ہر صورت میں آگے بڑھایا جائے گا تاکہ حکومتی کارکردگی میں واضح بہتری لائی جا سکے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ تمام فیصلے میرٹ پر ہوں گے کیونکہ یہی کامیابی کی اصل کنجی ہے۔ انہوں نے وفاقی و غیر ملکی فنڈڈ منصوبوں سمیت تمام ترقیاتی اسکیموں کی مؤثر اور مستقل مانیٹرنگ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس عمل سے وسائل کے ضیاع کو روکا جا سکے گا اور عوام کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ درست جگہوں پر اہل اور قابل افراد کی تعیناتی سے ہی اداروں کی کارکردگی میں بہتری آ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے بروقت حل کے لیے فیلڈ افسران کی موجودگی اور فعالیت انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت بلوچستان ایک منظم حکمت عملی کے تحت ادارہ جاتی اصلاحات پر کام کر رہی ہے، جس کا مقصد عوام کا اعتماد بحال کرنا اور ترقیاتی اہداف کے حصول کو ممکن بنانا ہے۔






