
خلیج اردو
اداکارہ حمیرا اصغر کی پراسرار موت کا معمہ تاحال حل نہ ہو سکا، جبکہ کیس میں آئے روز نت نئے انکشافات سامنے آنے لگے ہیں۔ تازہ ترین پیشرفت میں مرحومہ کی بھابھی نے دعویٰ کیا ہے کہ حمیرا کی موت کے پیچھے خاندانی جائیداد کا تنازعہ کارفرما ہو سکتا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو میں حمیرا کی بھابھی نے انکشاف کیا کہ اداکاری کے سبب حمیرا اور ان کے چھوٹے بھائی نوید اصغر کے درمیان تعلقات کشیدہ ہو گئے تھے۔ ان کے مطابق، "حمیرا کے والدین سے اس کے تعلقات اچھے تھے، لیکن نوید اصغر سے جائیداد کے معاملے پر اختلافات تھے، جس کے باعث وہ کراچی منتقل ہو گئی تھیں۔”
ویڈیو میں مزید بتایا گیا کہ حمیرا نے کئی بار اپنا حصہ اور گھر میں کھڑی گاڑی طلب کی، لیکن نوید نے کچھ بھی دینے سے انکار کر دیا۔ بھابھی نے یہ بھی کہا کہ جائیداد کے اسی تنازعے پر مجھے اور میرے بچوں کو بھی پانچ ماہ قبل گھر سے نکال دیا گیا تھا۔
پولیس کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں، اور حمیرا کی موت کی وجوہات جاننے کے لیے تمام پہلوؤں کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے۔







