پاکستانی خبریں

پی آئی اے کی برطانیہ واپسی، 14 اگست کو اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے پہلی پرواز، وزیرِاعظم کا اظہارِ تشکر

خلیج اردو
اسلام آباد:پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے (پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز) نے ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے برطانیہ کی فضاؤں میں دوبارہ پرواز کے لیے تیاری مکمل کر لی ہے۔ برطانوی سول ایوی ایشن حکام کی جانب سے پابندی کے خاتمے کے بعد پہلی پرواز 14 اگست 2025 کو اسلام آباد سے مانچسٹر روانہ ہو گی۔

ترجمان پی آئی اے نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ برطانوی ائر سیفٹی کمیٹی کی طرف سے عائد کردہ پابندی کا خاتمہ پی آئی اے کی فضائی حفاظت کے بین الاقوامی معیارات پر سختی سے عملدرآمد کا نتیجہ ہے۔ ترجمان کے مطابق ابتدائی طور پر ہفتے میں دو پروازیں مانچسٹر کے لیے چلائی جائیں گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس کامیابی پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ:

"پی آئی اے کی برطانیہ میں واپسی پاکستان کی فتح ہے، اس فیصلے نے ہماری بین الاقوامی ساکھ کو بحال کیا ہے۔”

وزیراعظم نے پی ٹی آئی کے ایک سابق وزیر کے غیر ذمہ دارانہ اور تباہ کن بیان کا بھی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسے بیانات نے پاکستان کی ساکھ کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا۔

پی آئی اے کی بحالی برطانیہ میں مقیم تقریباً 15 لاکھ پاکستانیوں اور پاکستان میں مقیم برطانوی شہریوں کو دوبارہ قریب لانے کا ذریعہ بنے گی۔ یہ اقدام نہ صرف خاندانی روابط کی بحالی بلکہ دو طرفہ تجارت اور سفری روابط کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے بھی اس پیش رفت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا:

"میں پاکستانی ایئر لائن سے دوبارہ سفر کرنے کی منتظر ہوں۔ فضائی رابطوں میں بہتری سے خاندانوں کے ملاپ میں مدد ملے گی اور دو طرفہ تعلقات کو فروغ ملے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button