
خلیج اردو
لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کا کوئی شہر اب ترقی کے ثمرات سے محروم نہیں رہے گا۔ وہ پنجاب ڈویلپمنٹ پلان اور لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام پر اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں، جس میں ان منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ پنجاب کے 189 شہروں کو لاہور کی طرز پر خوبصورت اور ترقی یافتہ بنایا جائے گا، اور کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ شہری سہولیات کا معیار پورے صوبے میں یکساں ہو۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 66 شہروں میں ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے شہری سڑکوں اور گلیوں کی بیوٹیفکیشن کی بھی ہدایت کی تاکہ ماحول مزید خوشگوار اور دیدہ زیب بن سکے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے لاہور ڈویلپمنٹ پلان کے فیز ون کی تکمیل کی ڈیڈلائن نومبر 2025 مقرر کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت جاری کی۔
انہوں نے کہا کہ یہ ترقی صرف لاہور یا بڑے شہروں تک محدود نہیں رہے گی بلکہ چھوٹے شہروں، قصبوں اور دیہی علاقوں تک بھی پہنچائی جائے گی تاکہ عوام کو یکساں سہولیات میسر آ سکیں۔






