
خلیج اردو
واشنگٹن:امریکا، برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے ایران کے ساتھ جوہری معاہدے (نیوکلیئر ڈیل) کے حوالے سے اگست 2025 تک کی حتمی ڈیڈلائن مقرر کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اس پیش رفت کا انکشاف اس وقت ہوا جب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اپنے برطانوی، فرانسیسی اور جرمن ہم منصبوں سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔
مارکو روبیو نے کہا ہے کہ اگر اگست تک کوئی حتمی معاہدہ نہ ہوا تو چاروں ممالک 2015 میں ایران پر عائد کی گئی اقتصادی پابندیاں دوبارہ نافذ کر دیں گے۔
ذرائع کے مطابق یہ ڈیڈلائن مغربی طاقتوں کی جانب سے ایران پر دباؤ بڑھانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے تاکہ ایران جوہری سرگرمیوں میں شفافیت کو یقینی بنائے اور معاہدے کی بنیادی شرائط کو تسلیم کرے۔
یاد رہے کہ ایران اور مغربی ممالک کے درمیان جوہری معاہدہ 2015 میں طے پایا تھا، جس سے امریکا 2018 میں یکطرفہ طور پر نکل گیا تھا۔ تب سے مذاکرات تعطل کا شکار ہیں اور حالیہ اقدامات سفارتی عمل کو دوبارہ فعال کرنے کی ایک سنجیدہ کوشش سمجھے جا رہے ہیں۔







