
خلیج اردو
تہران:ایران کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ ان کا ملک امریکہ کو بھاری نقصان پہنچانے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اور ایران اب کسی صورت امریکہ سے خوفزدہ نہیں۔ یہ بیان انہوں نے بدھ کے روز ایرانی عدلیہ کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کے دوران دیا، جسے ان کی سرکاری ویب سائٹ پر جاری کیا گیا۔
آیت اللہ خامنہ ای نے جون میں ایران کی جانب سے قطر میں امریکی ایئربیس "العدید” پر کیے گئے حملے کو انتہائی اہم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ امریکی اڈہ خطے میں امریکہ کا ایک نہایت اہم مرکز تھا، اور اس پر ایران کی کارروائی نے دنیا بھر کو واضح پیغام دیا ہے۔
ایرانی رہبر نے دعویٰ کیا کہ اگر میڈیا پر عائد بین الاقوامی سنسرشپ ختم کر دی جائے تو ایران کی جوابی کارروائی کی اصل شدت اور وسعت سامنے آ جائے گی۔ ان کے بقول، "یقیناً امریکہ اور دیگر کو بھاری ضربیں لگائی جا سکتی ہیں”۔
یہ بیان جون میں ایران اور اسرائیل کے درمیان 12 روزہ جنگ کے بعد آیت اللہ خامنہ ای کا دوسرا عوامی ردعمل ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس جنگ کے دوران ایرانی اقدامات کے باعث اسرائیل جھک گیا، کمزور پڑ گیا اور اپنا دفاع کرنے کی صلاحیت کھو بیٹھا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران اب امریکہ سے نہیں ڈرتا، اور چاہے وہ سفارت کاری ہو یا میدانِ جنگ، ایران ہر محاذ پر پوری قوت سے عمل کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے پاس نہ صرف استدلال کی طاقت بلکہ فوجی صلاحیتیں بھی موجود ہیں، اور یہی اس کے اعتماد کی بنیاد ہے۔






