پاکستانی خبریں

پی ٹی آئی میں سینیٹ انتخابات پر اختلافات شدت اختیار کر گئے

خلیج اردو
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف میں سینیٹ انتخابات کے حوالے سے اندرونی اختلافات برقرار ہیں۔ پارٹی کی سیاسی کمیٹی کی جانب سے خیبر پختونخوا میں سینیٹ انتخابات کو بلامقابلہ قرار دیا گیا ہے، تاہم بعض امیدواروں نے اس فیصلے سے لاعلمی ظاہر کرتے ہوئے کاغذات نامزدگی واپس لینے سے انکار کر دیا ہے۔

سیاسی کمیٹی کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ناراض امیدواروں نے بھی کاغذات واپس لینے پر آمادگی ظاہر کی ہے اور انتخابات بلامقابلہ ہوں گے۔ تاہم پی ٹی آئی کے دو امیدوار، عرفان سلیم اور خرم ذیشان، نے اعلامیے سے لاعلمی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جدوجہد سیٹ کے لیے نہیں بلکہ اصولوں کے لیے ہے۔ دونوں رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ابھی تک دستبردار ہونے کا کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا، اور وہ اس معاملے پر صلاح مشورہ کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پارٹی نے عرفان سلیم کو فوری طور پر صوبائی کابینہ میں شامل کرنے یا آئندہ سینیٹ انتخابات میں ٹکٹ دینے پر غور شروع کر دیا ہے۔ ساتھ ہی پارٹی پالیسی پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا انتباہ بھی جاری کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اگر مقررہ وقت تک ناراض ارکان نے کاغذات واپس نہ لیے تو ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے مطابق جنرل نشستوں پر مراد سعید، فیصل جاوید، مرزا خان آفریدی اور پیر نورالحق قادری کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے، خواتین کی نشست پر روبینہ ناز، ٹیکنوکریٹ نشست پر اعظم سواتی اور ثانیہ نشتر کی خالی نشست پر مشعال یوسفزئی امیدوار ہوں گی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button