
خلیج اردو
واشنگٹن: امریکہ نے اقوام متحدہ کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم یونیسکو سے علیحدگی اختیار کرلی ہے، جس کی وجہ فلسطین کو ریاست کے طور پر تسلیم کیا جانا بتایا گیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے اس فیصلے کو امریکی قومی مفاد کا تقاضا قرار دیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ یونیسکو میں شمولیت جاری رکھنا امریکہ کے قومی مفادات سے مطابقت نہیں رکھتا، کیونکہ یہ تنظیم ایسی پالیسیوں کو فروغ دیتی ہے جو سماجی اور ثقافتی سطح پر تفریق پیدا کرتی ہیں۔ ان کے مطابق فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا ایک سنگین مسئلہ ہے جو امریکی خارجہ پالیسی کے بنیادی اصولوں سے متصادم ہے۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ امریکہ نے یونیسکو سے علیحدگی اختیار کی ہو۔ ماضی میں بھی واشنگٹن مختلف پالیسی اختلافات کے باعث اس تنظیم سے فاصلہ اختیار کرچکا ہے، تاہم اس بار فلسطین کے ریاستی درجے کو بنیاد بنانا عالمی سطح پر ایک بڑا سفارتی پیغام تصور کیا جا رہا ہے۔






