
خلیج اردو
ماسکو: روس کے مشرقی علاقے امور ریجن میں مسافر بردار طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 49 افراد ہلاک ہو گئے۔ روسی حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ Antonov-24 ماڈل کا تھا جو کہ انگارا ایئرلائنز کے زیر انتظام چلایا جا رہا تھا۔ طیارہ شہر بلاگاوو شچینسک سے ٹینڈا کے لیے روانہ ہوا تھا جب وہ ریڈار سے غائب ہو گیا۔
علاقائی گورنر واسلی اورلوف نے تصدیق کی کہ طیارے میں 43 مسافر، جن میں پانچ بچے شامل تھے، اور چھے عملے کے ارکان سوار تھے۔ روس کی ایمرجنسیز منسٹری کے مطابق رو ساویاتسیا (روس کی سول ایوی ایشن اتھارٹی) کے ایم آئی-8 ہیلی کاپٹر نے تباہ شدہ طیارے کے جلتے ہوئے ملبے کو ٹینڈا کے قریب پہاڑی علاقے میں دریافت کیا۔
حادثے کی ابتدائی وجوہات میں لینڈنگ کے دوران عملے کی غلطی اور خراب موسمی حالات میں کم وژیبلٹی کو قرار دیا جا رہا ہے۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ تقریباً 16 کلومیٹر کے فاصلے پر طیارے کا ملبہ ملا ہے اور جائے حادثہ پر کوئی زندہ بچنے والا نظر نہیں آیا۔
امور ریجن کی سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیوں کے لیے 25 اہلکار اور پانچ خصوصی گاڑیاں روانہ کر دی گئی ہیں جبکہ چار اضافی طیارے بھی الرٹ پر رکھے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ گزشتہ دو ماہ میں پیش آنے والا تیسرا بڑا فضائی حادثہ ہے۔ 21 جولائی کو بنگلہ دیشی ایئرفورس کا ایک لڑاکا طیارہ ڈھاکہ کے دیابری علاقے میں ایک اسکول پر گر کر تباہ ہوا تھا، جس میں 20 افراد ہلاک اور 170 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ اس سے قبل 12 جون کو بھارت میں ایئر انڈیا کا بوئنگ 787 ڈریم لائنر احمد آباد سے پرواز کے فوراً بعد گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں 279 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔






