
خلیج اردو
راولپنڈی: 23 جولائی 2025 کو سیکیورٹی فورسز نے مستونگ ضلع میں بھارتی ایجنسیوں کے آلہ کار گروہ "فتنہ الہندستان” کے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، آپریشن کے دوران پاک فوج کے جوانوں نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں تین دہشتگرد واصل جہنم ہو گئے۔
آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 31 سالہ میجر زید سلیم اول، سکنہ ضلع خوشاب، دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنے رہے اور بہادری سے لڑتے ہوئے مادر وطن پر جان نچھاور کر کے شہادت کا رتبہ پایا۔ ان کے ساتھ 22 سالہ سپاہی نازم حسین، سکنہ ضلع جہلم، بھی جام شہادت نوش کر گئے۔
فوجی ترجمان کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی بھارتی سرپرستی میں موجود دہشتگرد کو انجام تک پہنچایا جا سکے۔ پاک فوج بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردی کی لعنت کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر سپوتوں کی یہ قربانیاں ہمارے اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔






