
خلیج اردو
کراچی، 1 اگست 2025:
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے سینئر اداکار توثیق حیدر نے اپنی زندگی کا اہم راز کھولتے ہوئے کہا ہے کہ شادی نہ کرنے کا فیصلہ ان کی زندگی کا سب سے عقلمندانہ قدم تھا۔ ڈرامہ سیریل ‘کبھی میں کبھی تم’ میں ہانیہ عامر کے والد کا کردار ادا کرنے والے توثیق حیدر کا شمار انڈسٹری کے معتبر اداکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے متعدد ڈرامہ سیریلز میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا کر مداحوں کی داد سمیٹی۔
تاہم ان کی ذاتی زندگی کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ وہ تاحال غیر شادی شدہ ہیں اور اپنی زندگی کا بڑا حصہ تنہا گزار چکے ہیں۔ حال ہی میں ایک نجی پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے توثیق حیدر نے اپنی نجی زندگی اور شادی نہ کرنے کے فیصلے کے پیچھے چھپے فلسفے پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ اکثر لوگ ان سے بڑھاپے میں سہارا دینے والے بچوں کے بارے میں سوال کرتے ہیں، جس پر وہ جواب دیتے ہیں کہ صرف اس لیے بچے پیدا کرنا کہ وہ بڑھاپے میں سہارا بنیں، ایک خود غرض سوچ ہے۔ بچوں کو اللہ کی نعمت سمجھنا چاہیے، نہ کہ انشورنس پالیسی۔
توثیق حیدر نے مزید کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ان کی زندگی میں ایسے لوگ موجود ہیں جو مشکل وقت میں ان کا سہارا بنیں گے اور ان کا خیال رکھیں گے۔ ان کا ماننا ہے کہ شادی کا فیصلہ انسان کی ذاتی ترجیح ہے اور اسے سماجی دباؤ کے تحت نہیں کرنا چاہیے۔






