
خلیج اردو
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارتی ایئر چیف کے الزامات کو غیر معقول اور بے وقت قرار دیتے ہوئے سخت ردعمل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجی افسران کو سیاسی ناکامیوں کا چہرہ بنایا جا رہا ہے جبکہ پاکستان نے واقعے کے فوراً بعد عالمی میڈیا کو تفصیلی بریفنگ فراہم کی ہے۔ وزیر دفاع نے بتایا کہ آزاد ذرائع نے بھارتی طیاروں کے نقصانات کی تصدیق کی ہے اور بھارت کے 6 لڑاکا طیارے، ایس 400 دفاعی نظام، اور متعدد ڈرون تباہ کیے گئے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ کئی بھارتی ایئر بیس فوری طور پر ناکارہ بنا دیے گئے اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی افواج کو بھاری نقصان پہنچایا گیا۔ انہوں نے بھارتی دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ ایک بھی پاکستانی طیارہ تباہ نہیں ہوا۔ وزیر دفاع نے دونوں ممالک سے مطالبہ کیا کہ طیاروں کی فہرست آزادانہ جانچ کے لیے پیش کی جائے تاکہ حقائق کا واضح تعین ہو سکے۔
خواجہ آصف نے زور دیا کہ جھوٹے بیانیے سے جنگ نہیں جیتی جاتی بلکہ قومی عزم اور مہارت سے فتح ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹے بیانیے خطے میں اسٹریٹیجک غلط فہمیوں کے خطرات بڑھاتے ہیں اور پاکستان اپنی خودمختاری کی ہر خلاف ورزی کا مؤثر اور بھرپور جواب دیتا رہے گا۔






