
خلیج اردو
پشاور: پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع میں شدید بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث 146 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوئے۔ جاں بحق افراد میں 126 مرد، 8 خواتین اور 12 بچے شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 12 مرد، 2 خواتین اور ایک بچہ شامل ہے۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق بارشوں اور سیلاب سے 35 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 28 گھر جزوی طور پر متاثر اور 7 گھر مکمل تباہ ہوئے۔ متاثرہ اضلاع میں سوات، بونیر، باجوڑ، تورغر، دیر اپر و لوئر، مانسہرہ، شانگلہ اور بٹگرام شامل ہیں، جن میں سب سے زیادہ نقصان بونیر، باجوڑ اور بٹگرام میں ہوا، جہاں ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔
صوبائی حکومت نے باجوڑ اور بونیر میں ریسکیو آپریشن کے لیے دو ہیلی کاپٹر روانہ کیے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا موجودہ سلسلہ 21 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اور سیاحتی مقامات پر بند سڑکوں کی بحالی کے لیے وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق تمام متعلقہ ادارے، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 رابطے میں ہیں جبکہ ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے۔ عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا معلومات کے لیے ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔






