پاکستانی خبریں

سپریم کورٹ: جسٹس طارق جہانگیری کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل

خلیج اردو
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے جسٹس طارق جہانگیری کے کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ کا فیصلہ معطل کر دیا۔ جسٹس امین الدین کی سربراہی میں پانچ رکنی آئینی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران جسٹس طارق جہانگیری کے وکیل منیر اے ملک نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے آرڈر کو معطل کرنے کی استدعا کی جسے عدالت عظمیٰ نے منظور کر لیا۔ عدالت نے اٹارنی جنرل آفس اور درخواست گزار میاں داود کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کردی۔

جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ ہمارے پاس یہ معاملہ صرف اسلام آباد ہائی کورٹ کے عبوری حکم کی حد تک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ پہلے ہی یہ قرار دے چکی ہے کہ کسی جج کو جوڈیشل ورک سے نہیں روکا جا سکتا۔ ساتھ ہی انہوں نے نشاندہی کی کہ سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس 18 اکتوبر کو بلا لیا گیا ہے۔

جسٹس شاہد بلال نے ریمارکس دیے کہ اس سوال پر دونوں جانب کے وکلا تیاری کے ساتھ آئیں۔ انہوں نے استفسار کیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس جہانگیری کے خلاف دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات موجود تھے تو رٹ پٹیشن پر نمبر کیسے لگ گیا۔

منیر اے ملک نے مؤقف اپنایا کہ حال ہی میں جسٹس جمال خان نے یہ فیصلہ دیا تھا کہ ایک جج کے خلاف دوسرے جج کی طرف سے رٹ جاری نہیں کی جا سکتی۔ جس پر جسٹس مندوخیل نے کہا کہ آپ جس کیس کا حوالہ دے رہے ہیں اس کے حقائق مختلف تھے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button