
خلیج اردو
اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سخت نوٹس لیا ہے اور شہریوں سے پرامن رہنے کی زوردار اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی و جمہوری حق ہے تاہم مظاہرین کو چاہیے کہ امن عامہ کو نقصان پہنچانے سے گریز کریں۔
وزیر اعظم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ مظاہرین کے ساتھ تحمل اور بردباری سے پیش آئیں، عوامی جذبات کا احترام یقینی بنائیں اور کسی بھی غیر ضروری سختی سے اجتناب برتیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کشمیری عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہر وقت تیار ہے۔
شہباز شریف نے مظاہروں کے دوران پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شفاف تحقیقات کا حکم دیا اور متاثرہ خاندانوں تک فوری امداد پہنچانے کی ہدایت کی۔
حکومتی سطح پر مسئلے کے پرامن حل کے لیے وزیر اعظم نے مذاکراتی کمیٹی میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے جس میں سینیٹر رانا ثنا اللہ، وفاقی وزراء سردار یوسف، احسن اقبال، سابق صدر آزاد جموں و کشمیر مسعود خان اور قمر زمان کائرہ کو شامل کیا گیا ہے۔ کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر مظفرآباد جائے اور مسائل کا دیرپا حل نکالے۔
وزیر اعظم نے ایکشن کمیٹی کے اراکین اور قیادت سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومتی کمیٹی سے تعاون کریں تاکہ مسائل کا فوری اور جامع حل نکالا جا سکے۔ کمیٹی اپنی سفارشات اور مجوزہ حل بلا تاخیر وزیر اعظم آفس کو بھجوائے گی جبکہ وزیر اعظم نے وطن واپسی پر مذاکراتی عمل کی براہِ راست نگرانی کا اعلان بھی کیا ہے۔






