خلیجی خبریں

بحرین سے افسوسناک خبر بیپکو ریفائنری میں سیفٹی والو کی لیک سے 2 مزدور شہید

خلیج اردو
بحرین:بحرین پیٹرولیم کمپنی (بیپکو) کے ریفائننگ یونٹ میں سیفٹی والو میں لیک کے نتیجے میں دو ملازمین کی ہلاکت اور ایک ملازم کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جو اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہے۔

بیپکو نے سیفٹی والو کے حادثے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ ملازمین کی سائٹ پر انسپکشن کے دوران پیش آیا۔ کمپنی نے حادثے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے دو ملازمین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور تیسری ملازم کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

کمپنی نے مزید وضاحت کی کہ وزارت داخلہ اور سول ڈیفنس کی ایمرجنسی ٹیمیں، بیپکو ریفائننگ کی خصوصی ایمرجنسی ٹیم کے ساتھ مل کر حادثے سے نمٹنے کے لیے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کر رہی ہیں۔ تمام ضروری حفاظتی اقدامات بین الاقوامی معیارات کے مطابق کیے گئے۔

بیپکو نے بتایا کہ لیک کو روک دیا گیا ہے اور کام دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔ کمپنی کی ترجیح ملازمین اور ٹھیکیداروں کی حفاظت اور ماحول کے تحفظ پر ہے۔ ایمرجنسی ٹیمیں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button