پاکستانی خبریں

جنگ مسلط کرنے کی کسی بھی کوشش کا یقینی اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا،آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیرِ صدارت خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیرِ صدارت خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس

خلیج اردو
راولپنڈی:پاکستان کے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نشان امتیاز(ملٹری) کی زیرِ صدارت خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال، بالخصوص پاک-بھارت کشیدگی اور علاقائی سلامتی کا جامع جائزہ لیا گیا۔

کانفرنس کے دوران فورم نے پاکستان کی مسلح افواج کے عزم کا اعادہ کیا کہ وہ کسی بھی جارحیت یا مہم جوئی کے خلاف ملک کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کو برقرار رکھنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

آرمی چیف نے مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت، ثابت قدم حوصلے اور آپریشنل تیاریوں کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج دفاع وطن کے لیے اپنی عوام کے ساتھ متحد ہو کر کھڑی ہیں۔ آرمی چیف نے تمام محاذوں پر چوکنا رہنے اور فعال تیاریوں کی اہمیت پر زور دیا۔

فورم نے بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کی غیر انسانی اور بلا اشتعال کارروائیاں علاقائی کشیدگی کو بڑھاتی ہیں، جس کا مؤثر اور مناسب جواب دیا جائے گا۔

کانفرنس میں بھارت کے سیاسی اور فوجی مقاصد کے لیے گھڑے جانے والے خود ساختہ بحرانوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ فورم نے کہا کہ بھارت ہمیشہ سے طے شدہ طریقہ کار کے تحت اندرونی مسائل کو بیرونی رنگ دیتا آیا ہے، اور اس طرح کے واقعات سے بھارت یکطرفہ چالوں سے Status quo کو تبدیل کرنے کی کوشش کرتا ہے، جیسے کہ 2019 میں مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370 کی منسوخی۔

پہلگام کے حالیہ واقعے کو پاکستان کی توجہ مغربی سرحدوں اور اقتصادی بحالی سے ہٹانے کی کوشش کے طور پر دیکھا گیا۔ فورم نے کہا کہ بھارت کو اپنے دہشتگرد پراکسیوں کو فعال کرنے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

کانفرنس کے شرکاء نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو نقصان پہنچانے اور پاکستان کے آبی حقوق کو غضب کرنے کی کوششوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا انتہائی خطرناک ہے اور اس سے نہ صرف پاکستان کی آبادی متاثر ہوگی بلکہ جنوبی ایشیا میں عدم استحکام بھی بڑھے گا۔

کانفرنس میں پاکستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں بھارتی فوج اور انٹیلی جنس کے براہ راست ملوث ہونے کے ناقابل تردید شواہد پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ فورم نے کہا کہ ریاستی سرپرستی میں ہونے والے یہ اقدامات بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں اور ناقابلِ قبول ہیں۔

امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے فورم نے واضح کیا کہ جنگ مسلط کرنے کی کسی بھی کوشش کا یقینی اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ شرکاء نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی امنگوں کا ہر قیمت پر احترام کیا جائے گا۔

کانفرنس کے اختتام پر آرمی چیف نے ملک کے دفاع کے لیے کی جانے والی آپریشنل تیاریوں اور مورال پر تمام فارمیشنز اور سٹرٹیجک فورسز پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button