خلیج اردو: عراق میں 25ویں عرب خلیج کپ کی افتتاحی تقریب سے قبل ایک جھگڑے کے بعد کویتی وفد اسٹیڈیم چھوڑنے پرمجبورہوگیا اوروہ واپس ہوٹل میں چلا گیا۔
سوشل میڈیا پرشیئرکی جانے والی ایک ویڈیو میں دیکھاجا سکتا ہے کہ جنوبی شہربصرہ کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں وی آئی پی سیکشن میں موجود افراد بحث ومباحثہ کررہے ہیں اور ایک دوسرے کو دھکے دے رہے ہیں جبکہ دیگر افراد انھیں الگ کرنے کی کوشش کررہے ہیں
میڈیا رپورٹس کے مطابق کویتی وفد کے اسٹیڈیم پہنچنے کے کچھ ہی دیر بعد افراتفری شروع ہوگئی تھی
اشتباكات في منطقة كبار الشخصيات ببطولة كاس الخليج!
pic.twitter.com/pEwvMjTuRa— Gorgeous (@gorgeous4ew) January 6, 2023
کویت فٹ بال ایسوسی ایشن (کے ایف اے) کے بورڈ آف ڈائریکٹرزکے رکن عبدالعزیز السمحان نے میڈیا کوبتایا کہ امیرِکویت کی نمائندگی کرنے والے شیخ فہد الناصرکےافراتفری کی وجہ سے اسٹیڈیم میں داخل نہ ہونے کے بعد وفد لوٹ گیا تھا۔
انھوں نے کہا کہ جب ہم نے سنا کہ شیخ فہدالناصر اندر داخل نہیں ہوسکتے تو ہم وہاں سے اٹھ کر چلے گئے۔ اس صورت حال نے ہمیں پریشان کردیا اور ہم ان کے ساتھ اظہار یکجہتی میں اٹھ کر واپس ہوٹل میں چلے گئے تھے۔
سمحان نے یہ بھی بتایا کہ اسٹیڈیم کے داخلی دروازے سے وی آئی پی سیکشن کی طرف جاتے ہوئے لوگوں کی ہاتھا پائی کے دوران میں انھیں لوٹ لیا گیا۔ انھوں نے مزید بتایا کہ جب وہ کرسی پر بیٹھے تو انھیں احساس ہوا کہ ان کی جیب کسی تیزدھار چیز سے پھٹ گئی ہے اور ان کا پرس غائب ہے
دریں اثنا کویتی اخبار الرائے نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ کویت کی قومی ٹیم کی ٹورنامنٹ سے دستبرداری کی افواہیں غلط ہیں۔ ٹیم شیڈول کے مطابق آج ہفتے کے روز قطر کے خلاف میچ کھیلنے والی تھی۔
آٹھ ممالک پر مشتمل عرب گلف کپ میں خلیج تعاون کونسل کے رکن چھے ممالک بحرین، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے علاوہ یمن اورعراق کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں