
خلیج اردو
یکم اپریل 2021
پشاور : پاکستان میں پشاور ہائی کورٹ نے ٹک ٹاک پر سے پابندی ختم کرتے ہوئے ملک بھر میں ٹک ٹاک ایپ بحال کرنے کا حکم دیدیا ۔ عدالت کے مختصر فیصلے کے مطابق ٹک ٹاک کھولنے کی اجازت دے رہے ہیں ، غیر اخلاقی مواد اپلوڈ کرنے کی نہیں۔
اس سے قبل پشاور ہائی کورٹ نے11 مارچ کو ٹک ٹاک پر پابندی لگائی تھی۔ تاہم پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس قیصر رشید کی سربراہی میں بینچ نے آج کے دن کیس کی دوبارہ سماعت کی ، دوران سماعت ڈی جی ٹیلی پی ٹی اے بھی پیش ہوئے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ ٹک ٹاک پر پابندی لگانے کے بعد اب تک غیر اخلاقی مواد ہٹانے کے حوالے سے کیا پیش رفت کی گئی ہے ؟ جس پر ڈی جی پی ٹی اے نے بتایا کہ ہم نے ٹک ٹاک انتظامیہ کے ساتھ اس مسئلے پر دوبارہ بات کی ہے اور ان سے کہا ہے کہ جو باربار غلطی کرے اسے بلاک کیا جائے۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر پی ٹی اے ایکشن لے گی تو لوگ ایسی ویڈیوز اپلوڈ نہیں کریں گے۔ آپ لوگوں کے پاس ایسا سسٹم ہونا چاہئے جو اچھے اور برے مواد کی تمیز کرے۔
چیف جسٹس قیصر رشید خان نے کہا کہ کہ جب لوگوں کو پتا چل جائے گا کہ پی ٹی اے ہمارے خلاف ایکشن لے رہی ہے تو اس کے بعد وہ ایسی چیزیں اپ لوڈ نہیں کریں گے۔
سماعت کے بعد پشاور ہائی کورٹ نے اپنے مختصر فیصلے میں کہا ہے کہ ٹک ٹاک کو کھول دیا جائے تاہم غیر اخلاقی مواد اپلوڈ نہیں ہونا چاہئے۔






