پاکستانی خبریں

جنہوں نے تاریخ کا سیاہ باب رقم کیا ایسی ذہنیت کے منصوبہ سازوں اور کرداروں کے ساتھ نہ کوئی سمجھوتہ ہوسکتا ہے اور نہ ہی ڈیل،آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر

خلیج اردو
لاہور:جنہوں نے تاریخ کا سیاہ باب رقم کیا ایسی ذہنیت کے منصوبہ سازوں اور کرداروں کے ساتھ نہ کوئی سمجھوتہ ہوسکتا ہے اور نہ ہی ڈیل، سپہ سالار کا واضح پیغام ،آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرکا لاہور گیریژن کا دورہ، یادگار شہداء پر پھول چڑھائے ،کہا 9 مئی پاکستان کی تاریخ میں ایک سیاہ دن رہے گا جب پاکستان کے دشمنوں کو ریاست اور قوم کا مذاق اڑانے کا موقع فراہم کیا گیا۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا، جہاں پاک فوج کے سربراہ نے یاد گار شہداء پر پھول چڑھائے اور مادر وطن کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف کو فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔

 

افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بلاشبہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ میں ایک سیاہ دن رہے گا،جب دانستہ طور پر شرپسندوں نے شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی ، دشمن مسلح افواج اور پاکستانی عوام کے درمیان تفریق پیدا کرنے اور ڈھٹائی سے بیانیہ کو توڑ مروڑ کرپیش کررہے ہیں، مزید بولے کہ جنہوں نے تاریخ کا یہ سیاہ باب رقم کیا، ایسی ذہنیت کے منصوبہ سازوں کے ساتھ نہ کوئی سمجھوتہ ہوسکتا ہے اور نہ ہی ڈیل۔

 

آرمی چیف نے کہا کہ معصوم لوگ جو اِن مجرمانہ عناصر کے مذموم سیاسی مقاصد کو نہیں سمجھ سکے اِن کو منصوبہ سازوں نے اپنی خواہشات کا ایندھن بنایا، اِن ورغلائے ہوئے لوگوں کو سپریم کورٹ کی ہدایات پر پہلے سے ہی شک کا فائدہ دیا جا چکا ہے تاہم اِس گھناؤنے منصوبے کے اصل رہنما جو کے اپنے آپ کو معصوم ظاہر کرتے ہیں کو اب اپنے جرائم کا حساب دینا پڑے گا۔

 

پاک فوج کے سربراہ نے فوجی افسران اور جوانوں کو یقین دلایا کہ شہداء اور ان کے اہلخانہ یا ادارے کی بے حرمتی کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، قبل ازیں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی آمد پر کور کمانڈر لاہور نے ان کا استقبال کیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button