خلیج اردو
راولپنڈی:بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 2014 کے دھرنے سے متعلق خود پر لگائے گئے تمام الزامات غلط قرار دے دیے۔
اڈیالا جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وہ 2014 کے دھرنے کی انکوائری کے لیے تیار ہیں، خوشی ہوگی کہ انہیں انکوائری کمیٹی میں پیش کیا جائے۔
عمران خان نے کہا کہ 2013 کا الیکشن آر اوز کا الیکشن تھا، نگران وزیراعظم کے فارم 47 پر بیان کے بعد حکومت سے کیا مذاکرات ہو سکتے ہیں؟بانی پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ صدر، وزیراعظم ، وزیراعلیٰ پنجاب اور سینیٹ الیکشن فراڈ ہیں۔
گزشتہ روز ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف نے کہا تھا کہ ہم 9 مئی کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن کے لیے تیار ہیں لیکن کمیشن پھر تہہ تک جائے، کمیشن یہ احاطہ کرے 2014 کے دھرنے کے مقاصد کیا تھے، پارلیمنٹ پی ٹی وی پر حملے کا بھی احاطہ کرے، کس طرح لوگوں کو یہ ہمت دی گئی، عنصر ڈالا گیا ریاست کے خلاف کھڑے ہوں، سول نافرمانی کریں، بجلی کے بل جلائیں، کس طرح 2016 میں کے پی کے وسائل سے دارالخلانہ پر دھاوا بولا گیا۔
انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن اس بات کا بھی احاطہ کرے، وہ یہ بھی دیکھے آئی ایم ایف کو کس طرح خط لکھے گئے، لابنگ کی گئی کہ پاکستان کو دیوالیہ ہونے دیا جائے اسے پیسہ نہ دو، کمیشن احاطہ کرے کہاں سے فنڈنگ آرہی تھی کہاں سے جارہی تھی، کون لوگ تھے جو سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف نفرت پھیلا رہے تھے، اگر ہم نے ان چیزوں کا احاطہ نہیں کیا اور نہیں کیا، تو 9 مئی کو ہونا تھا۔