پاکستانی خبریں

پاکستان بھارت سیزفائر برقرار رہنے کی توقع، ہاٹ لائن پر رابطے جاری: ڈی جی آئی ایس پی آر

خلیج اردو
راولپنڈی، 19 مئی 2025:
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے امریکی اور ترک میڈیا کو دیے گئے الگ الگ انٹرویوز میں پاک بھارت حالیہ کشیدگی، سیزفائر کی صورتحال اور خطے کی سلامتی سے متعلق اہم نکات پر روشنی ڈالی ہے۔

امریکی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میزائل اور فضائی حملوں کے بعد پاکستان اور بھارت کے سینئر عسکری افسران کے درمیان ہاٹ لائن کے ذریعے مسلسل رابطہ رہا، جس کے باعث سیزفائر کے امکانات روشن ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارتی حملوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تفصیلات شفاف انداز میں دنیا کے سامنے رکھی ہیں، اور امید ہے بھارت نے بھی ایسی ہی شفافیت کا مظاہرہ کیا ہوگا۔

ترک نیوز ایجنسی کو انٹرویو میں لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا کہ بھارت نہ تو امریکہ ہے اور نہ ہی اسرائیل، اور پاکستان نہ افغانستان ہے اور نہ فلسطین۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارتی تسلط کو کسی صورت قبول نہیں کرے گا، اور اگر بھارت نے جارحیت کی تو پاکستان کا ردعمل تیز، شدید اور وحشیانہ ہوگا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے ایک بار پھر مؤقف دہرایا کہ کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے، اور بھارت جتنی جلدی اس حقیقت کو تسلیم کرے گا، اتنا ہی خطے اور دنیا کے امن کے لیے بہتر ہوگا۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ حالیہ کشیدگی میں پاکستان نے بھارت کے پانچ جنگی طیارے مار گرائے، جن میں تین رافیل بھی شامل تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا جانتی ہے کہ پاکستان نے یہ کارروائیاں کیں، لیکن بھارت انہیں تسلیم کرنے سے انکاری ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button