پاکستانی خبریں

کراچی میں بلدیاتی الیکشن ملتوی،کارکن تیار رہیں، صبح مذمت نہیں مزاحمت ہوں گی ،حافظ نعیم الرحمٰن

خلیج اردو

کراچی :پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے اعلان کیا ہے کہ 15 جنوری کو سندھ کے کئی اضلاع میں سیلابی پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے الیکشن نہیں ہوں گے جبکہ سندھ حکومت کے فیصلے پر سندھ اسمبلی کے قائد حزب اختلاف پی ٹی آئی کے حلیم عادل شیخ سمیت امیر جماعت اسلامی کراچی نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کارکنوں کو تیار رہنے کی ہدایت کی ہے ۔

سندھ حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب ایم کیوایم کی جانب سےڈی لمیٹیشن پر دھرنے اور شاہراہوں کو بند کرنے کی دھمکی دے دی گئی تھی تاہم شرجیل میمن کے مطابق کہ کسی کے سڑکوں پر آنے اور حالات خراب کرنے سے بات نہیں مانی گئی۔

پی پی رہنما شرجیل میمن نے بتایا کہ بلاول بھٹو کی صدارت میں وزیر اعلیٰ سندھ اور بعض دیگر وزرا کا مشاورتی اجلاس ہوا۔اجلاس میںسندھ حکومت نے ایم کیو ایم کے مطالبات پر شق 10 اے کے تحت حلقہ بندیوں سے متعلق نوٹیفکیشن واپس لیا ہے۔

شرجیل میمن کے مطابق پیپلزپارٹی نے ہمیشہ کوشش کی سب کو ساتھ لے کر چلے۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی، حیدرآباد اور دادو کے علاوہ باقی تمام اضلاع میں الیکشن معمول کے مطابق ہوں گے۔

ایم کیو ایم وفد کی وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات

کراچی میں سندھ حکومت کی جانب سے بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کے اعلان کے بعد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے رات گئے فاروق ستار کی سربراہی میں ایم کیو ایم وفد نے ملاقات کی ۔

متحدہ قومی موومنٹ( ایم کیوایم) کی جانب سےڈی لمیٹیشن پر تحفظات کے بعد سندھ حکومت نے کراچی، حیدرآباد اور دادو میں 15 تاریخ کو بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔ ایم کیو ایم وفد نے سندھ کابینہ کے بلدیاتی حلقہ بندیوں سے متعلق فیصلے پر شکریہ ادا کیا۔

سندھ حکومت کی بلدیاتی انتخابات کی التوا پر سندھ کے صوبائی اسمبلی میں قائد حزب اختلاب حلیم عادل شیخ نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کے فیصلے کو عدالتوں میں چیلینج کریں گے ،ایم کیو ایم پیپلز پارٹی کی بی ٹیم کے طور پریشر بناتی رہی،ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی ایک ہی تھالی کے چٹھے بٹھے ہیں،کراچی کے لوگ مہاجروں اور سندھیوں کے قاتلوں ،سوداگروں کو پہچان چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی اور حیدر آباد میں شکست کا خوف پی ڈی ایم کے اعصاب پر سوار ہے،جمہوریت کی بات کرنے والے عوام کے جمہوری حق سے خوف زدہ ہیں،پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم ملکر بھی عوام میں جانے سے خوفزد اور گھبرائے ہوئے ہیں،آصف علی زرداری مسلسل شکست کیساتھ اخلاقی طور شکست تسلیم کرکے سیاست کو خیر آباد کہیں،تحریک انصاف کے تمام امیدواروں کو مبارکباد ہو ان کا مقابلہ کرنے کی ہمت کسی میں بھی نہیں ہے ۔

کارکن تیار رہیں صبح مذمت نہیں مزاحمت کریں گے، امیر حافظ نعیم الرحمٰن

جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے سندھ حکومت کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے کراچی اور حیدرآباد پر شب خون مارا ہے، یہ کسی صورت قابل قبول نہیں، ہم مذمت نہیں مزاحمت کریں گے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کراچی سمیت حیدرآباد اور دادو میں 15 جنوری کے بلدیاتی الیکشن ملتوی ہونے پر اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ رات کے اندھیرے میں کراچی اور حیدرآباد کے حق پر شب خون مارا گیا ہے۔ ہم اپنا حق ان وڈیروں اور ان کے چیلوں سے چھین کر رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم احتجاج کریں گے، الیکشن کمیشن جائیں گے اور عدالت بھی جائیں گے، ہم ان لوگوں کو بھاگنے نہیں دیں گے، کارکن تیار رہیں صبح ہم اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ ہم ہر طرح کے آپشن پر غور کریں گے کہ کس طرح اپنا حق لیا جائے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button