
خلیج اردو
اسلام آباد:190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں نیب کے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم کا بیان ریکارڈ کر لیا گیا۔ وکلا صفائی نے دوسرے گواہ ڈپٹی ڈائریکٹر نیب عمیر راتھر پر جرح مکمل کر لی۔ دوسری جانب راولپنڈی پولیس نے بشریٰ بی بی کو جی ایچ کیو حملہ سمیت نو مئی کے گیارہ کیسز میں ملزم نامزد کر دیا۔
احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈریفرنس پر سماعت کی۔ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔ نیب کے پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی ،امجد پرویز ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے۔ ملزمان کے وکلاء ظہیر عباس چودھری اور عثمان ریاض گل بھی پیش ہوئے۔
دوران سماعت نیب کے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم کا بیان ریکارڈ کیا گیا۔ وکلا صفائی نے دوسرے گواہ ڈپٹی ڈائریکٹر نیب عمیر راتھر پر جرح مکمل کی۔ مجموعی طور 35 گواہان پر جرح مکمل ہوچکی ہے۔مزید سماعت 3 اگست تک ملتوی کر دی گئی۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ میں بشریٰ بی بی کے خلاف درج کیسوں کی تفصیلات فراہمی کیس میں پیشرفت ہو ئی۔
نیب پراسیکیوٹر نے جواب جمع کرواتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کے خلاف نیب میں 4 کیس درج ہیں۔ تین کیس راولپنڈی میں اور ایک کیس نیب لاہور میں درج ہے۔ راولپنڈی پولیس اور اسلام آباد پولیس نے بھی اپنا جواب جمع کروادیا جبکہ ایف آئی اے اور بلوچستان پولیس نے جواب جمع نہیں کرایا۔
راولپنڈی پولیس نے بشریٰ بی بی کو جی ایچ کیو حملہ سمیت نو مئی کے گیارہ کیسز میں ملزم نامزد کرتے ہوئے ان کے خلاف ضلع راولپنڈی میں درج گیارہ مقدمات کی تفصیلات ہائیکورٹ میں پیش کردیں۔ سی پی او راولپنڈی نے رپورٹ ہائیکورٹ میں جمع کرائی۔
ہائیکورٹ نے ایف آئی اے اور بلوچستان پولیس کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت پیر تک ملتوی کردی۔