پاکستانی خبریں

عمران خان کے پہلے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے 190 ملین کیس میں گواہی دیدی

خلیج اردو
اسلام آباد:بانی پی ٹی آئی عمران خان کی کابینہ کے سابق رکن پرویزخٹک نے 190ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بیان ریکارڈ کرا دیا، بتایا کہ کابینہ اجلاس میں اختلافات کے باوجود بند لفافے پر منظوری لی گئی، پرویزخٹک کے بیان ریکارڈ کرانے کے دورا ن بانی پی ٹی آئی عمران خان مسکراتے رہے۔

 

احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے اڈیالہ جیل میں سماعت کی۔ بانی پی ٹی آئی اوربشری بی بی کو کمرہ عدالت میں لایا گیا۔ نیب کے اہم گواہ پرویزخٹک نے 15 منٹ میں اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔

 

عدالت کو بتایا کہ سابق مشیر شہزاد اکبر نے کابینہ کو بتایا تھا پاکستان سے غیرقانونی طور پر باہر بجھوائی گئی بڑی رقم برطانیہ میں پکڑی گئی۔ رقم پاکستان کو واپس کی جائے گی۔ معاملہ کابینہ ایجنڈے پرنہیں تھا ، ایڈیشنل ایجنڈے پرمجھ سمیت دیگراراکین نے اعتراض کیا۔

 

کابینہ میں رقم کے حوالے سے کاغذات بند لفافے میں پیش کئے گئے۔ تاہم اجلاس میں منظوری بھی لے لی گئی۔ پرویزخٹک کے بیان ریکارڈ کروانے کے دوران بانی پی ٹی آئی کمرہ عدالت میں مسکراتے رہے۔ پرویزخٹک بیان ریکارڈ کرانے کے بعد اپنی نشست پر جا کر بیٹھ گئے ۔

 

سابق وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان اور سابق وزیر زبیدہ جلال طلبی کے باوجود اج عدالت پیش نہ ہوسکے۔

 

بنی گالہ اسلام آباد کے پٹواری عباس گوارئیہ پرجرح مکمل کی گئی۔ وکلاء صفائی آئندہ سماعت پرپرویزخٹک کے بیان پرجرح کریں گے ۔ ریفرنس میں مجموعی طور پر 31گواہان کے بیانات ریکارڈ اور 30 پر جرح مکمل کرلی گئی۔

 

عدالت نےکیس کی سماعت 13جولائی تک ملتوی کردی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button