پاکستانی خبریں

کوئٹہ: مارگیٹ میں سکیورٹی فورسز کی ٹیم کے قریب دھماکہ، 4 ایف سی اہلکار شہید، 3 زخمی

خلیج اردو
کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے مارگیٹ میں سکیورٹی فورسز کی بم ڈسپوزل اسکواڈ کے قریب ہونے والے دھماکے میں چار ایف سی اہلکار شہید جبکہ تین زخمی ہو گئے ہیں۔ دھماکہ اس وقت پیش آیا جب اہلکار علاقے میں کلیئرنس آپریشن میں مصروف تھے۔

شہید ہونے والوں میں صوبیدار شہزاد امین، نائب صوبیدار عباس، سپاہی خلیل اور سپاہی زاہد شامل ہیں۔ زخمی اہلکاروں میں لانس نائیک ظفر، لانس نائیک فاروق اور سپاہی خرم سلیم شامل ہیں جنہیں فوری طور پر قریبی طبی مرکز منتقل کر دیا گیا۔

دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ خیز مواد پہلے سے نصب کیا گیا تھا، تاہم تحقیقات جاری ہیں۔

بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال ایک بار پھر تشویشناک ہوتی جا رہی ہے، جبکہ سکیورٹی فورسز علاقے میں دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کر چکی ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button