
خلیج اردو
بشام شنگ، شانگلہ: خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے بشام شنگ میں ایک منفرد اور دلچسپ واقعہ پیش آیا جہاں 90 سالہ بزرگ مولانا سیف اللہ کی شادی ان کے بیٹوں نے دھوم دھام سے کروا کر والد کی دیرینہ خواہش کو عملی جامہ پہنا دیا۔
مولانا سیف اللہ کی شادی کا مکمل انتظام ان کے چار بیٹوں نے کیا، جنہوں نے دلہن کی تلاش کے بعد ان کا نکاح ایک تولہ سونے کے حق مہر پر پڑھایا۔ شادی کی تقریب میں قریبی رشتہ داروں کے ساتھ ساتھ پوتوں، پوتیوں، نواسوں اور اہل علاقہ نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی اور خوشی کا اظہار کیا۔
یہ واقعہ ہمارے معاشرتی رویوں اور روایتی سوچ کے برعکس ایک مثبت مثال قائم کرتا ہے، جہاں عمر کی قید کے بغیر خوشی اور جذبات کی قدر کی گئی۔ بیٹوں کا یہ قدم والد کی عزت، محبت اور خواہشات کو اہمیت دینے کی روشن مثال ہے۔







