
خلیج اردو
اسلام آباد: عالمی سطح پر بڑے پیمانے پر سائبر حملے کے نتیجے میں 18 کروڑ سے زائد صارفین کے اکاؤنٹس کے پاسورڈز اور حساس معلومات چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ متاثرہ صارفین میں گوگل، فیس بک، ایپل سمیت دیگر بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے صارفین شامل ہیں۔
نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم (PakCERT) نے اس سنگین صورتحال پر ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے پاکستانی صارفین کو فوری طور پر اپنے تمام آن لائن اکاؤنٹس کے پاسورڈز تبدیل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا ہے کہ ڈیٹا لیک کے نتیجے میں شناخت کی چوری اور اکاؤنٹ ہیکنگ جیسے خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس ڈیٹا لیک سے سرکاری اداروں اور مالیاتی اکاؤنٹس بھی متاثر ہو سکتے ہیں، جس کے باعث ملک میں سائبر سیکیورٹی کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔ ٹیم نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ پاسورڈ منیجرز کا استعمال کریں تاکہ محفوظ اور منفرد پاسورڈز کا بہتر انداز میں انتظام کیا جا سکے۔







