پاکستانی خبریں

،ہم بھی صدمے میں ہیں، حقیقت سامنے آنا باقی ہے اداکارہ حمیرا اصغر کی موت، بھائی نوید کی وضاحت

خلیج اردو
10 جولائی 2025، لاہور
اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی پرسرار موت کے بعد ان کے بھائی نوید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کئی اہم نکات پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ حمیرا آزاد خیال اور اپنی مرضی کی مالک تھی اور اپنی زندگی کے تمام فیصلے خود کرتی تھی۔

نوید نے بتایا کہ حمیرا ہمیشہ والدین کو یہی کہتی تھی کہ وہ اپنی ہر چیز کی خود ذمہ دار ہے۔ تقریباً ایک سے ڈیڑھ سال سے ان کا بہن سے رابطہ ختم ہو گیا تھا، تاہم وہ اس سے پہلے معمول کے مطابق بات چیت کرتے تھے، اور کبھی کبھار ناراضگی بھی ہو جاتی تھی۔

ان کے مطابق حمیرا کا موبائل نمبر کافی عرصے سے بند جا رہا تھا اور وہ بار بار کوشش کے باوجود رابطہ نہیں کر سکے۔ نوید نے انکشاف کیا کہ گھر کا تالا توڑ کر کسی نے اندر داخل ہونے کی کوشش کی، جس سے شک مزید گہرا ہوتا ہے۔

انہوں نے میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کو تحقیقات سے پہلے سوالات اٹھانے چاہییں تھے، لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔ ساتھ ہی یہ بھی دعویٰ کیا کہ مکان مالک کی جانب سے حمیرا کو پریشان کیا گیا اور جس طرح کا کردار اس موقع پر ادا کرنا چاہیے تھا، وہ نہیں کیا گیا۔

نوید نے کہا کہ گھر میں مالی مسائل نہیں تھے، لیکن بظاہر میڈیا اور سوشل میڈیا پر اسے مالی مسئلہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پولیس کی پوسٹ مارٹم رپورٹ اور دیگر شواہد کا انتظار کر رہے ہیں، جس کے بعد مقدمہ درج کروایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ مرحومہ کی تدفین لاہور میں کی جائے گی اور انہوں نے دعا کی کہ اللہ مرحومہ کی مغفرت فرمائے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button