خلیج اردو
اسلام آباد: ایوان صدر سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق صدر مملکت نے چیف الیکشن کمنشر سکندر سلطان راجہ کو خط لکھا ہے جس میں انھیں آج یا کل ملاقات کی دعوت دی ہے۔
خط کے متن کے مطابق صدر مملکت نے لکھا کہ وہ آئین کے آرٹیکل 48 (5) کے تحت اسمبلی کے عام انتخابات کے انعقاد کیلئے تحلیل کی تاریخ کے نوے دن میں تاریخ مقرر کرنے کے پابند ہیں۔۔۔اس لیے آپ کوملاقات کی دعوت دی جاتی ہے۔
صدر مملکت نے خط میں لکھا کہ انھوں نے نو اگست کو وزیر اعظم کے مشورے پر قومی اسمبلی کو تحلیل کردی ہے۔۔اس لیے الیکشن کی تاریخ طے کرنا آئینی ذمہ داری ہے۔
صدر مملکت کے خط سے پہلے الیکشن کمیشن نئی حلقہ بندیوں کا فیصلہ کرچکا ہے جس کے بعد عام انتخابات فروری میں کرانے کی بات کی جارہی تھی۔تاہم صدر کے خط کے بعد ایک نئی آئینی بحث چھڑنے کا امکان ہے۔۔ذرائع کا بتانا ہے کہ الیکشن کمیشن صدر مملکت کے خط کا جلد جواب دیگا۔