خلیج اردو: کراچی ائیرپورٹ سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) نے ائرپورٹ پر سونا اور غیرملکی کرنسی بنکاک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ائیرپورٹ سکیورٹی فورس کے عملے نے کراچی سے بنکاک جانے والے مسافر سے 1 لاکھ 15 ہزار امریکی ڈالر 31 ہزار کینیڈین ڈالر اور 50 گرام سونا برآمد کر لیا۔
ترجمان اے ایس ایف کے مطابق مسافر راحیل نے یہ تمام نقدی اور سونا اپنے بیگ میں مہارت سے چھپا رکھا تھا تاہم اے ایس ایف کے عملے نے سامان کی تلاشی کے دوران نقدی اور سونا برآمد کر کے منی لانڈرنگ کی یہ کوششں ناکام بنا دی-
اے ایس ایف کی جانب سے پکڑی گئی نقدی اور سونے کی مالیت پاکستانی روپوں میں 3 کروڑ 26 لاکھ روپے سے زیادہ بنتی ہے۔
ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ نقدی اور سونے سمیت مزید قانونی کارروائی کیلئے کسٹمز حکام کے حوالے کر دیا گیا-