لندن: مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف نے پارٹی صدر محمد شہباز شریف کی گرفتاری پر ردعمل میں کہا ہے کہ آج اس نظام نے ہمارے ان فیصلوں کی توثیق کی جو ہم نے حالیہ اے پی سی میں کیے تھے۔
اپنے ٹویٹر پیغام میں سابق وزیر اعظم نے کہا ہے کہ آج شہباز شریف کو گرفتار کر کے اس کٹھ پتلی نظام نے آل پارٹی کانفرنس کی قرارداد کی توثیق کی ہے۔ شہباز شریف نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ وہ جیل کے اندر ہوں یا باہر، اے پی سی میں کیے گئے تمام فیصلوں پر عمل درآمد ہو گا۔
آج شہباز شریف کو گرفتار کر کے اس کٹھ پتلی نظام نے APC کی قرارداد کی توثیق کی ہے۔ شہباز شریف نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ وہ جیل کے اندر ہوں یا باہر، APC میں کئیے گئے تمام فیصلوں پر عمل درآمد ہو گا۔ کوئی اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے ہمیں جھکایا جا سکتا ہے۔
— Nawaz Sharif (@NawazSharifMNS) September 28, 2020
مسٹر نواز نے کہا ہے کہ کوئی اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے ہمیں جھکایا جا سکتا ہے۔
قبل ازیں آج لاہور ہائیکورٹ میں عبوری ضمانت کی منسوخی پر نیب نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو گرفتار کیا ہے۔ عدالت میں شہباز شریف کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کے دوران شہباز شریف نے روسٹرم پر آکر کہا کہ اپنے دورِ حکومت میں انھوں نے قومی خزانے کا ایک ارب بچایا اپنے ضمیر کے مطابق فیصلے کیے اور اُن کے فیصلوں سے ان کے خاندان کو کاروباری نقصان ہوا۔
شہباز شریف کی گرفتاری کو جہاں مسلم لیگ نے انتقام قرار دیا ہے وہاں حکمران جماعت نے اسے حقیقی احتساب کا آغاز قرار دیا ہے۔ وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی گرفتاری اس طرف سنگ میل ہے جو پی ٹی آئی نے احتساب کاوعدہ کیا۔







