
خلیج اردو
کوئٹہ:وزیرِاعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث سرکاری ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ریاست مخالف عناصر کو فورتھ شیڈول میں شامل کرکے ان کی منفی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔
وزیرِاعلیٰ بلوچستان نے ہدایت دی کہ ہر تعلیمی ادارے میں قومی ترانہ پڑھا جائے اور قومی جھنڈا لہرانا لازمی ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جن تعلیمی اداروں کے سربراہان ان احکامات پر عملدرآمد کرانے سے قاصر ہوں، وہ عہدے سے دستبردار ہو جائیں۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ امن و امان کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے، کوئی شاہراہ بند نہیں ہوگی اور ہر ضلعی افسر اپنے علاقے میں ریاستی رٹ قائم کرنے کا ذمہ دار ہوگا۔ انہوں نے چیک پوسٹوں پر بھتہ خوری کو مکمل طور پر ختم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کوئی افسر سیاسی دباؤ سے بالاتر ہو کر اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرے، اگر کوئی افسر پالیسی پر عملدرآمد نہیں کر سکتا تو وہ رضا کارانہ طور پر عہدے سے الگ ہو جائے۔
وزیرِاعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ریاست کے ہر ادارے اور ہر فرد کی مشترکہ جنگ ہے جسے مل کر لڑنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ نوجوانوں کو لاحاصل جنگ میں دھکیلا جا رہا ہے جس سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔






