
خلیج اردو
پشاور:خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے واضح کیا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف کو سیاسی منظرنامے سے مائنس کرنے کا خواب کبھی بھی شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ جعلی حکومت نے کب سے پورے ملک کو داؤ پر لگایا ہوا ہے، مگر اس کے باوجود وہ بانی پی ٹی آئی کو سیاست سے الگ کرنے میں ناکام رہی ہے۔
بیرسٹر سیف نے الزام لگایا کہ وفاق اور پنجاب کی حکومتیں منظم طریقے سے "مائنس بانی پی ٹی آئی” کا گمراہ کن پروپیگنڈا کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق اس منفی مہم کی شدت اس قدر ہے کہ تحریک انصاف کے کچھ کارکن بھی نادانستہ طور پر اس کا شکار ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جعلی حکمرانوں کے اعصاب پر سوار ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ہر حکومتی بیانیہ کا مرکز وہی شخصیت بنی ہوئی ہے۔ بیرسٹر سیف نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے اور ان کے بغیر کوئی سیاسی سیٹ اپ قابل قبول نہیں ہوگا۔







