
خلیج اردو
اسلام آباد:چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنی صحت سے متعلق اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وزن کم کرنے کے لیے انہوں نے زندگی میں پہلی بار غذا اور طرزِ زندگی پر توجہ دی ہے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ماضی میں نہ انہیں کھانے پینے کی پرواہ تھی اور نہ ہی ورزش سے کوئی دلچسپی، یہاں تک کہ ڈائٹ کا بھی کبھی نہیں سوچا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ان کے والد آصف علی زرداری شوگر کے مریض ہیں اور یہ بیماری ان کے خاندان میں بھی موجود ہے، جس نے انہیں سنجیدگی سے اپنی صحت پر توجہ دینے پر مجبور کر دیا۔
بلاول بھٹو نے بتایا کہ انہوں نے کاربوہائیڈریٹس اور چینی کو مکمل طور پر ترک کر دیا ہے۔ اب وہ باجرے کی روٹی، دالیں اور سبزیاں کھاتے ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ماضی میں وہ ایک فیصد بھی ان باتوں پر یقین نہیں رکھتے تھے کہ ڈائٹ کیا ہوتی ہے، چینی کم کرنی ہے یا جم جانا ہے، لیکن اب وہ خود ان اصولوں پر عمل پیرا ہیں۔






