
خلیج اردو
غزہ / واشنگٹن / لندن
برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کے درمیان ایک خفیہ ٹیلی فونک گفتگو میں آئندہ دو ہفتوں کے اندر غزہ جنگ ختم کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ برطانوی ذرائع کے مطابق اس گفتگو میں امریکی وزیر خارجہ اور اسرائیلی وزیر اسٹریٹیجک امور بھی شامل تھے۔
رپورٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے غزہ کی مستقبل کی قیادت کے حوالے سے فیصلہ بھی طے کر لیا ہے۔ طے شدہ منصوبے کے تحت غزہ میں جنگ بندی کے فوراً بعد حماس قیادت کو جلاوطن کر دیا جائے گا۔ جنگ بندی کا باقاعدہ اعلان آئندہ دو ہفتوں کے دوران متوقع ہے، جس کی قیادت امریکہ کرے گا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ نے نیتن یاہو کو اس منصوبے کی کامیابی پر مکمل یقین دہانی بھی کرائی ہے۔
دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی بربریت کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق تازہ اسرائیلی حملوں میں مزید 78 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔ غزہ کے مختلف اسپتالوں سے موصولہ معلومات کے مطابق شہدا میں 14 بے گھر افراد بھی شامل ہیں جو امداد حاصل کرنے کے لیے جمع ہوئے تھے۔ وسطی غزہ میں امداد کے منتظر فلسطینیوں پر اسرائیلی افواج نے براہ راست فائرنگ کی، جس سے شہادتیں ہوئیں۔
غزہ حکام کا کہنا ہے کہ مئی سے اب تک اسرائیلی افواج نے امدادی مراکز کو بھی نشانہ بنایا ہے، جس کے نتیجے میں 500 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق غزہ میں شہدا کی مجموعی تعداد 56 ہزار 156 ہو چکی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار سے زائد ہے۔







