خلیج اردو
واشنگٹن:امریکی صدر کے مشیر برائے مشرق وسطیٰ اسٹیو وٹکوف نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں امریکہ ایک بار پھر اسرائیل کو تسلیم کرنے والے ممالک کی فہرست میں اضافہ کرنے کے لیے سرگرم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کا مقصد ابراہم معاہدے کو مزید وسعت دینا ہے تاکہ مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے امکانات کو فروغ دیا جا سکے۔
اسٹیو وٹکوف نے یاد دلایا کہ صدر ٹرمپ کے پہلے دور صدارت میں متحدہ عرب امارات، بحرین، مراکش اور سوڈان جیسے اہم مسلم ممالک نے اسرائیل کو تسلیم کیا تھا، جسے ایک بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا گیا تھا۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل قریب میں مزید ایسے ممالک اسرائیل کو تسلیم کر سکتے ہیں، جن کے بارے میں ماضی میں کسی نے تصور بھی نہیں کیا تھا۔
امریکی حکام کا ماننا ہے کہ ان اقدامات سے نہ صرف اسرائیل کو علاقائی سطح پر تسلیم کرنے میں مدد ملے گی بلکہ خطے میں معاشی اور سیکیورٹی تعاون کے نئے در بھی کھلیں گے۔






