
خلیج اردو
پشاور:پشاور میں پولیو مہم کے لیے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف) کی جانب سے فراہم کردہ صابن کی بڑی مقدار غیر قانونی طور پر مقامی مارکیٹ میں فروخت ہوتے ہوئے برآمد کر لی گئی۔ ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے سبزی منڈی کے ایک گودام سے یونیسف کے لوگو اور ’ناقابل فروخت‘ لیبل والے صابن کی 20 ہزار ٹکیاں برآمد کر لیں۔
یہ صابن پولیو مہم کے دوران انسانی ہمدردی کی بنیاد پر عوام میں مفت تقسیم کیے جانے تھے، تاہم ان کی مارکیٹ میں موجودگی نے امدادی اشیاء کی ترسیل، نگرانی اور تقسیم کے عمل میں سنگین بے ضابطگیوں کو بے نقاب کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق صابن کے تمام کارٹنوں پر واضح طور پر یونیسف کا لوگو اور "Not for Sale” کی مہر موجود تھی، لیکن اس کے باوجود یہ کھلی مارکیٹ میں فروخت کے لیے دستیاب تھے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پولیو جیسی حساس اور بین الاقوامی سطح پر توجہ کی حامل مہم میں اس نوعیت کی بدعنوانی نہ صرف اعتماد کو مجروح کرتی ہے بلکہ اس سے متاثرہ طبقات کو براہِ راست نقصان پہنچتا ہے۔
واقعے نے حکومتی اور امدادی اداروں کی کارکردگی پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں، خصوصاً شفافیت، نگرانی اور احتساب کے نظام میں موجود خلا کو اجاگر کیا ہے۔
ایف آئی اے نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔






