پاکستانی خبریں

ملک کی سلامتی سے بڑا کوئی ایجنڈا نہیں ،کوئی تحریک نہیں، کوئی شخصیت نہیں، آرمی چیف

خلیج اردو
اسلام آباد:آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سلامتی سے بڑا کوئی ایجنڈا، کوئی تحریک اور کوئی شخصیت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پائیدار استحکام کے لیے قومی طاقت کے تمام عناصر کو ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ یہ ہماری اور ہماری آنے والی نسلوں کی بقا کی جنگ ہے۔

آرمی چیف نے زور دیا کہ ہمیں بہتر گورننس اور مملکت پاکستان کو "ہارڈ اسٹیٹ” بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ہم کب تک ایک "سافٹ اسٹیٹ” کے طرز پر بے پناہ جانوں کی قربانی دیتے رہیں گے اور گورننس کے خلا کو افواجِ پاکستان اور شہداء کے خون سے بھرتے رہیں گے؟

جنرل سید عاصم منیر نے علماء سے اپیل کی کہ وہ خوارج کی جانب سے اسلام کی مسخ شدہ تشریح کو بے نقاب کریں۔

آرمی چیف نے کہا کہ اگر یہ ملک ہے تو ہم ہیں، لہٰذا ملک کی سلامتی سے بڑھ کر ہمارے لیے کوئی چیز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تحفظ کے لیے سیاسی اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ایک بیانیہ اپنانا ہوگا۔

انہوں نے واضح کیا کہ جو لوگ سمجھتے ہیں کہ وہ دہشت گردوں کے ذریعے پاکستان کو کمزور کر سکتے ہیں، آج کا دن ان کے لیے پیغام ہے کہ ہم متحد ہو کر نہ صرف ان کو بلکہ ان کے تمام سہولت کاروں کو بھی ناکام کریں گے۔

آرمی چیف نے کہا کہ ہمیں اللہ تعالیٰ پر مکمل بھروسہ ہے، جو کچھ بھی ہو جائے، ان شاء اللہ ہم کامیاب ہوں گے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button