سپورٹسعالمی خبریں

آئی پی ایل 2025: ہربھجن سنگھ اور آکاش چوپڑا نے ایم ایس دھونی کی بیٹنگ میں برتری کی وجہ بتا دی

خلیج اردو
نئی دہلی:ایم ایس دھونی، جو اس سال جولائی میں 44 سال کے ہو جائیں گے، آئی پی ایل 2025 میں چنئی سپر کنگز  کی جانب سے ایک بار پھر ایکشن میں نظر آئیں گے۔ چنئی کی فرنچائز نے گزشتہ سال میگا نیلامی سے پہلے انہیں 4 کروڑ روپے میں برقرار رکھا تھا۔

2024 کے آئی پی ایل سیزن میں دھونی نے نچلے آرڈر میں بیٹنگ کرتے ہوئے 14 میچوں میں 161 رنز بنائے اور 13 چھکے لگائے۔ آئی پی ایل 2025 کے آغاز سے قبل سابق بھارتی کرکٹرز ہربھجن سنگھ اور آکاش چوپڑا نے دھونی کی مسلسل شاندار کارکردگی کی وجوہات پر روشنی ڈالی۔

ہربھجن سنگھ کا کہنا تھا: کہ”گزشتہ سال وہ شاندار تھے۔ میں نے حال ہی میں ایک شادی کی تقریب میں ان سے ملاقات کی، وہ بہت فٹ اور مضبوط لگ رہے تھے۔ میں نے ان سے پوچھا کہ کیا یہ مشکل نہیں؟ تو انہوں نے کہا: ‘یہ مشکل تو ہے، لیکن یہی وہ چیز ہے جسے میں پسند کرتا ہوں۔ جب چار یا پانچ وکٹیں گرتی ہیں تو میرا دل چاہتا ہے کہ جا کر کھیلوں۔’ وہ دکھا رہے ہیں کہ کس طرح سخت محنت سے نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ وہ آج بھی نہ صرف برقرار ہیں بلکہ حاوی بھی ہیں۔”

ہربھجن نے مزید کہا کہ دھونی میدان میں سب سے پہلے آتے ہیں اور سب سے آخر میں جاتے ہیں۔ وہ چنئی میں روزانہ 2 سے 3 گھنٹے تک نیٹ پریکٹس کرتے ہیں، جس سے ان کی بیٹنگ میں روانی اور درستگی برقرار رہتی ہے۔

آکاش چوپڑا نے دھونی کی ایمانداری کو ان کی کامیابی کی وجہ قرار دیا دیتے ہوئے کہا "میرا خیال ہے کہ دھونی اپنے آپ سے بہت ایماندار ہیں اور یہ بات بہت اہم ہے۔ لوگ کہتے ہیں کہ وہ جلدی بیٹنگ کیوں نہیں کرتے، لیکن وہ جانتے ہیں کہ وہ لمبی اننگز نہیں کھیل سکتے۔ وہ سمجھتے ہیں کہ اگر میں 12ویں اوور کے بعد آؤں تو بہتر کارکردگی دکھا سکتا ہوں۔ یہ خود کو جاننے کی واضح مثال ہے۔”

آئی پی ایل 2025 کا آغاز 22 مارچ کو کولکتہ میں کے کے آر اور آر سی بی کے درمیان میچ سے ہوگا جبکہ چنئی سپر کنگز اپنا پہلا میچ 23 مارچ کو چیپوک میں ممبئی انڈینز کے خلاف کھیلے گی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button