
خلیج اردو
اسلام آباد: بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے اڈیالہ جیل میں دو بہنوں نے ملاقات کی، تاہم علیمہ خان کو ایک بار پھر ملاقات کی اجازت نہ دی گئی۔ ملاقات کے بعد نورین خانم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عمران خان کی صحت مکمل طور پر ٹھیک ہے اور وہ حوصلے میں ہیں۔
اس ملاقات سے قبل اڈیالہ جیل جانے کی کوشش کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کی پولیس کے ساتھ جھڑپ ہو گئی۔ پولیس کی جانب سے سخت رویہ اپنایا گیا، اور پارٹی کے چیف وہپ عامر ڈوگر پر نہ صرف تشدد کیا گیا بلکہ ان کے کپڑے بھی پھاڑ دیے گئے۔ پولیس اہلکاروں نے عامر ڈوگر کو ڈنڈے سے مارا جس پر کارکنوں میں شدید اشتعال پیدا ہوا۔
جیل کے قریبی ناکے پر صورتحال اس وقت مزید کشیدہ ہو گئی جب اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور ایس پی کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔ دونوں کے درمیان تلخی اس قدر بڑھی کہ موقع پر موجود اہلکاروں کو مداخلت کرنا پڑی تاکہ معاملہ مزید نہ بگڑے۔






